نئی دہلی،،29؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آئندہ میونسپل انتخابات میں یکساں انتخابی نشان دینے سے متعلق یوگیندر یادو کی قیادت والی سوراج انڈیا کی عرضی کو دہلی ہائی کورٹ نے آج مسترد کر دی۔عدالت نے پارٹی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہاکہ چونکہ ای وی ایم پر امیدواروں کی تصاویر لگی ہوں گی ایسے میں یکساں انتخابی نشان نہ ہونے کی صورت میں کوئی نقصان نہیں ہوگا۔جسٹس ہما کوہلی نے کہاکہ چونکہ انتخابی عمل کے کئی مراحل مکمل ہونے کے بعد درخواست دائر کی گئی ہے اس وجہ سے عدالت کی طرف سے معاملے میں مداخلت کرنے کو لے کر تاخیر ہو گئی ہے۔ پہلے 23 مارچ کو عدالت نے دہلی الیکشن دفتر سے پوچھا تھا کہ کیا اس کی منشا رجسٹرڈ لیکن غیر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں جیسے یوگیندر یادو کی سوراج انڈیا کو یکساں انتخابی نشان جاری کرنے کی ہے۔
سوراج انڈیا کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل شانتی بھوشن نے عدالت سے کہا تھا کہ رجسٹرڈ لیکن غیر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو یکساں انتخابی نشان جاری کرنے کیلئے قوانین میں ترمیم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے وہ دہلی حکومت کو خط لکھ چکے ہیں۔ اس پر عدالت نے الیکشن کمیشن سے جواب مانگا تھا۔میونسپل انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن نے سوراج انڈیا کو یکساں انتخابی نشان جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ بھوشن نے اسے عدالت میں چیلنج کیا تھا۔سوراج انڈیا نے دعوی کیا تھا کہ رجسٹرڈ پارٹی کے تمام امیدواروں کو یکساں انتخابی نشان جاری نہیں کرنا اس کے ساتھ امتیازی سلوک ہے کیونکہ عام آدمی پارٹی کو پہلی بار الیکشن لڑنے پر ایسی راحت دی گئی تھی۔